ذو الشمالين عمير بن عبد عمرو الخزاعی غزوہ بدر میں شہید ہونے والے مہاجر صحابی تھے۔
نام ونسب
عمیر نام،ابومحمد کنیت،ذوالشمالین لقب، نسب نامہ یہ ہے،عمیربن عبد عمرو بن نضلہ بن عمرو بن غبشان بن سلیم بن مالک بن عبسی بن حارثہ عمرو بن عامر الخزاعی۔
ذوالشمالین اورذوالیدین نام میں اختلاف
(بعض ارباب سیر ذوالشمالین اورذوالیدین ایک ہی شخص کو قرار دیتے ہیں جو محض التباس ہے،یہ دونوں دو شخص ہیں، احادیث سے بھی اس کی تائید ہوتی ہے ذوالیدین کا یہ واقعہ بہت مشہور ہے، جس کو صحیحین نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کیا ہے کہ ایک مرتبہ آنحضرتﷺ نے 4رکعتوں کی بجائے دوہی رکعتیں نماز پڑھ کر سلام پھیردیا، تمام صحابہ متحیر تھے؛لیکن کسی کو پوچھنے کی جسارت نہ تھی ،ذوالیدین نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی توجہ مبذول کرائی اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بقیہ دورکعتیں پوری کرکے سجدہ سہو کیا اس روایت کے راوی ابوہریرہؓ ہیں جو غزوہ خیبر 7ھ میں اسلام لائے اور ذوالشمالین اس کے پانچ سال قبل بدر 2ھ میں شہید ہوچکے تھے،اس لیے ذوالیدین اورذوالشمالین ،دونوں ایک شخص نہیں ہوسکتے ،دونوں کے نام میں بھی فرق ہے،ذوالیدین کا نام خرباق ہے اور ذوالشمالین کا عمیر تھا۔
اسلام وہجرت
ان کا زمانہ اسلام متعین نہیں قبول اسلام کے بعد مدینہ ہجرت کی اور سعد بن خثیمہ کے مہمان ہوئے،آنحضرتﷺ نے ان میں اور یزید بن حارث میں مواخاۃ کرادی۔ انہوں نے اپنی بیٹی نعم بنت عبد بن الحارث سے نکاح کیا جس سے ان کے بیٹا عمیر اور بیٹی ریطہ ہوئے۔
شہادت
ذوالشمالین مدینہ آنے کے بعد بدر عظمیٰ میں شریک ہوئے،ان کا اوّل وآخر غزوۂ یہی تھا، اس میں جام شہادت پی کر پاک وصاف دنیا سے اٹھ گئے، غربت کے غمگسار بھائی یزید نے بھی جو زندگی میں رفیق تھے،سفر آخرت میں ساتھ نہ چھوڑا اورانہوں نے بھی اسی غزوہ میں مرتبہ شہادت حاصل کیا۔ اس وقت ان کی عمر 30 سال تھی۔
(بخاری کتاب الاذن باب ہل یا خدالایام اذاشک بقول الناس)
اسد الغابہ:2/141
طبقات ابن سعد جلد 2 صفحہ269- ناشر : دار الاشاعت اردو بازار کراچی پاکستان
کوئی تبصرے نہیں: