یوم وفات شیخ ابو اسحاق شامی
رحمۃ اللہ علیہ
شیخ ابو اسحق شامی کا لقب شرف الدین تھا۔ خلیفہ
چہارم علی کی نویں پشت سے تھے
ولادت
ابو اسحٰق شامی چشتی ملک شام میں پیدا ہوئے، اسی
لحاظ سے شامی کہلائے۔ قصبہ چشت میں تعلیم وتربیت ہوئی۔
علوم ظاہری و باطنی
علوم ظاہریہ و باطنیہ کے جامع تھے آپ نے خرقہ
خلافت ممشاد علوی دینوری سے پایا تھا۔ ظاہری اور باطنی علوم میں ممتاز تھے اور زہد
و ریاضت میں بے مثال۔ خلق سے بے نیاز اور خالق سے ہمراز، درویشوں سے محبت کرتے۔
’’معراج الفقراء الجوع‘‘ کے مصداق ہمیشہ سنت نبوی کے مطابق نفلی روزے رکھتے تھے۔
بہت کم کھانا کھاتے تھے فرمایا کرتے تھے کہ بھوک میں جو لذت پاتا ہوں وہ کسی کھانے
میں نہیں پاتا۔ مرید ہونے سے پہلے چالیس دن تک استخارہ کرتے رہے۔ ہاتف غیبی نے علوی
دینوری کی خدمت میں حاضری کا اشارہ دیا تو ان کے خدمت میں حاضر ہوئے۔ سات سال بعد
تکمیل کو پہنچے اور خلافت عطا ہوئی۔ بغداد پہنچ کر خواجہ ممشاد دینوری نے بیعت کی۔
سلسلہ چشتیہ کے حقیقی بانی
طریقۂ سلسلہ چشتیہ کے بانی خواجہ ابو اسحاق شامی
ہیں۔ مرشد نے جب نام پوچھا تو ابو اسحٰق شامی بتایا۔ مرشد نے کہا آج سے لوگ تمہیں
ابواسحٰق چشتی کہیں گے اور جو بھی تمہارے سلسلے میں داخل ہوگا، چشتی کہلائے گا۔ اسی
نسبت سے سلسلہ کی ابتدائی شہرت میں چشتیہ انہی کی وجہ سے ہوئی۔آپ کے پیرو مرشد نے
آپ کو یہ بشارت دی کہ اہل چشت کے امام بنو گے۔ چنانچہ آپ اپنے وطن چشت واپس آئے تو
’’قطب چشتیہ ‘‘کے لقب سے مشہور ہوئے۔ آپ کے بعد مزید چار مشائخ کا تعلق بھی چشت سے
تھا۔ ان میں ابو احمد ابدال چشتی، ابو محمد بن ابو احمد ابدال چشتی، ناصرالدین،
ابویوسف چشتی اورخواجہ مودود چشتی کے اسمائے گرامی مشہور ہیں انہیں ہی پنچ گنج چشت
بھی کہا جاتا ہے۔
کیفیات وجد
آپ کو سماع سے بے حد لگاؤ تھا۔ آپ کی مجلس میں
جو شخص ایک بار حاضر ہوتا پھر گناہ سے دور رہتا، آپ کی مجلس کی برکات سے ہر شخص
وجد میں رہتا، اگر کوئی مریض ایک بار مجلس میں آجاتا تو شفا پاتا، دنیا کا پجاری
آتا تو تارک الدنیا ہوجاتا تھا۔
وصال
آپ نے 940 ء 14 ربیع الثانی 329 ھ کو وصال فرمایا
بعض کے مطابق شام میں رہے وہیں وفات پائی اور
وہیں دفن ہوئے۔
مزار
آپ کا مزار مبارک شہر عکہ شام میں ہے۔ سیر
الاقطاب کے مصنف نے لکھا ہے کہ آپ کے وصل سے لے کر آج تک آپ کے مزار پر ایک چراغ
روشن ہے جو کبھی نہیں بجھا۔ وہ شام سے صبح تک روشن رہتا ہے باد و باراں کا کئی بار
طوفان آیا۔ مگر رات کے وقت اس چراغ کو نہیں بجھا سکا۔ یہ چراغ اس شعر کی عملی تصویر
ہے۔
اگر گیتی سرا سر باد گیرد
چراغ مقبولاں ہرگز نمیرد
حوالہ جات
خزینۃ الاصفیاءجلد دوم: صفحہ 32،33،مفتی غلام سرور لاہوری
مکتبہ نبویہ لاہور
سفینۃ الاولیاء : از شہزادہ دارا شکوہ قادریؒ
تاریخ مشائخ چشت، محمد زکریا مہاجر مدنی، صفحہ151، مکتبہ الشیخ
کراچی
Reviewed by Rizwan Malik
on
اکتوبر 31, 2023
Rating:

کوئی تبصرے نہیں: